چین کے خودمختار علاقے تبت میں شدید زلزلے کے باعث کم از کم 16 افراد ہلاک اور 46 زخمی ہو گئے جبکہ سیکڑوں مکانات منہدم ہوئے ہیں۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کی شب مقامی وقت کے مطابق 10 بج کر 33 منٹ پر آنے والے 7.0 شدت کے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 339 مکانات منہدم ہو گئے۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں اور نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے 46 افراد میں سے 11 کی حالت تشویش ناک ہے۔ زلزلے کے بعد امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کارروائیوں میں مصروف ہیں تاکہ متاثرین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
امریکی ارضیاتی سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز ناگچو شہر سے تقریباً 190 کلومیٹر مشرق اور شمال مشرق کی جانب ایک پہاڑی علاقے میں تھا۔ یہ مقام تبت کے دارالحکومت لہاسا سے تقریباً 390 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔

یو ایس جی ایس کے مطابق مرکزی زلزلے کے بعد کم از کم سات آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 4.3 سے 5.2 کے درمیان تھی۔ یہ جھٹکے زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلومیٹر گہرائی میں آئے۔
حکام کے مطابق زلزلے کے باعث علاقے کے بعض حصوں میں مواصلاتی رابطے بھی متاثر ہوئے ہیں جبکہ مقامی ریلوے حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ علاقے سے گزرنے والی ٹرینوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی ہے تاہم امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔


















