وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ اگر میری جماعت اور اتحادی میرے ساتھ ہیں تو مجھ اپوزیشن سے فرق نہیں پڑتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا سماجی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ الحمدللہ مجھے عدم اعتماد کی تحریک کی پرواہ نہیں ہے، جبکہ جس دن میری جماعت اور اتحادیوں کی اکثریت نے عدم اعتماد کیا تو خود چلا جاؤں گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ پارٹی اور اتحادیوں کے ساتھ نہ ہونے پر مجھے ایوان کا سربراہ ہونے کا حق نہیں ہوگا۔
واضح رہے بلوچستان اسمبلی میں متحدہ حزب اختلاف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔ تحریک عدم اعتماد چار نکاتی چارج شیٹ پر مشتمل ہے جس پر حزب اختلاف کے 16اراکین کے دستخط ہیں۔
بلوچستان اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 33 اراکین کی ضرورت ہے۔ حزب اختلاف کے اراکین کا دعویٰ ہے کہ انھیں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے مطلوبہ اراکین کی حمایت حاصل ہے۔
تاہم حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی۔
حزب اختلاف کے اراکین کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے سیکریٹری کو تحریک عدم اعتماد منگل کی شب جمع کروائی گئی۔















