Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئرس کاسروے ہمارے مقتدرحلقوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہونا چاہیے،فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئرس کا سروے ہمارے مقتدر حلقوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہونا چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ آئرس کے سروے کے مطابق 79 فیصد پاکستانی سمجھے ہیں کہ ملک غلط سمت میں جا رہا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 59 فیصد کی مالی حالت پچھلے سال سے بدتر ہوئی ہے اور 71 فیصد لوگ فوری انتخابات چاہتے ہیں۔

شوریٰ کا کونسیپٹ اسلامی ہے جو ووٹ سے وجود میں آتا ہے

انہوں نے کہا کہ یہ ہی فکر کی بات ہے پاکستان کے تمام نظریاتی مخالف موجودہ نظام کی حمائیت میں یکجا ہیں، اشرف غنی اور کرزئی کے میڈیا ایڈوائزر اس نظام کے میڈیا ایڈوائزر بنے ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انسانی حقوق کے وہ فورم جو بنیادی طور ہر پاکستان پر دباؤ ڈالنے کیلئے مغربی امداد پر قائم کیے گئے وہ نظام کا حصہ ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ شوریٰ کا کونسیپٹ اسلامی ہی ہے جو ووٹ سے وجود میں آتا ہے، لہٰذا جہاد کے اعلان کا حق ووٹ سے بنی حکومت کو ہے جو شوریٰ کی منظوری سے یہ اعلان کرے، انفرادی گروپس کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا ورنہ فساد فی الارض ہو گا۔

حسان خاور کا ٹوئٹ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حسان خاور نے بھی آئرس کے سروے سے متعلق اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ آئرس کے سروے سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ کیا چاہتے ہیں۔

حسان خاور نے بتایا کہ 79 فیصد لوگ سمجھتے ہیں کہ ملک غلط سمت میں جا رہا ہے، 59 فیصد لوگ سمجھتے ہیں کہ ان کے خاندان کے حالات پچھلے ایک سال میں خراب ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ 71 فیصد لوگ فوری انتخابات چاہتے ہیں اور 56 فیصد کا خیال ہے کہ صرف عمران خان ہی ملک کو اس مشکل سے نکال سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں