اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل کی استدعا پرسماعت ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق سماعت کے دوران بیرسٹر گوہرعدالت پیش ہوئےاور بتایاکہ علی ظفر لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں، استدعا ہے کہ عدالت آئندہ ہفتے کے لیے کیس مقرر کر دے۔
وکیل ممبران قومی اسمبلی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ میں بھی انہوں نے اسی طرح کی پٹیشن فائل کی، ان کی اسی طرح کی پٹیشن لاہور ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے، انہوں نے اس عدالت کو بھی نہیں بتایا کہ ان کی کوئی پٹیشن وہاں زیر التوا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ7دسمبر کے الیکشن کمیشن کے نوٹس کو چیلنج کیا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ دو جگہوں پر تو چیلنج نہیں کر سکتے اگر یہ ہے تو یہ درخواست واپس لے لیں، کوئی ینگ کونسل یہ کام کر دے تو سمجھ آتی ہے لیکن علی ظفر تو اتنے سریس کونسل ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ کنڈکٹ وکیل پر بھی ظاہر ہوتا ہے، وکیل نے کہاکہ جی بالکل ہوتا ہے اس حوالے سے علی ظفر آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اس کنڈکٹ پر ان کی درخواست مسترد ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی وکیل نے کہاکہ اس معاملے پر تو بیرسٹر علی ظفر ہی جواب دیں گے، عدالت سے استدعا ہے کہ آئندہ ہفتے کی کوئی درخواست دے دیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر کیا کوئی معجزہ ہو جائے گا، یہ اچھی چیز نہیں اگر ہم پڑھے لکھے لوگ بھی ایسا کام کریں۔
عدالت نے پی ٹی آئی وکیل کی استدعا منظورکرتے ہوئے سماعت 25 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔




















