Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری مل گئی ہے، گورنر پنجاب کی تصدیق 

پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی سمری گورنر کو موصول ہوگئی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی سمری موصول ہوگئی ہے۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ جو بھی فیصلہ کروں گا بھاری دل سےکروں گا، پنجاب اسمبلی عوامی نمائندگان کا ہاؤس ہے، اسمبلی کو تحلیل کرنا کوئی آسان فیصلہ نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایڈوائس پر عمل درآمد کرنا ناخوشگوار لمحہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں؛ پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی توڑنےکی سمری پر دستخط کردیے

خیال رہے کہ  وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دوران پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے اور پنجاب اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی تھی۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے ہیں اور پنجاب اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس گورنر پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر گورنر اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو 48 گھنٹے میں اسمبلی خود تحلیل ہوجائے گی جب کہ ہم نگران حکومت کے قیام کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو خط لکھنے جا رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھی تحلیل کریں گے، پرسوں کے پی اسمبلی تحلیل ہوجائے گی اور 90 دن کے اندر دونوں صوبوں میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں