لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس عاصم حفیظ نے توشہ خانہ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے توشہ خانہ کے سربراہ کو بیان حلفی جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس عاصم حفیظ نے نے تحریری فیصلے میں کہا کہ توشہ خانہ کے سربراہ بیان حلفی جمع کرواٸیں کہ تحاٸف کی تفصیل کیوں خفیہ رکھنا ضروری ہے۔
عدالت نے تحریری فیصلہ دیا کہ عدالت چیمبر میں دیکھ کر فیصلہ کرے گی کہ یہ دعوای قانون کے مطابق ہے یا نہیں۔ ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ اسے خفیہ رکھا جا سکتا ہے یا نہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت سات فروری تک ملتوی کر دی۔
توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ پبلک کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب حکومت کی جانب سے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ پبلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں 4 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ سے متعلق وزارتی کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ پبلک کرنے کی منظوری دے دی۔ تمام ریکارڈ پبلک کرنے کے فیصلے کے بعد کون سے حکمران نے کتنے تحائف لیے کتنی رقم ادا کی سب پبلک ہوگا۔




















