پشاور: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کل سے 17 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 14 سے 17 ستمبر کے دوران صوبے کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پشاور، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کو دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بارش کے دوران سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور اضافی احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لینے اور بجلی کی تاروں و خطرناک اشیاء سے دور رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے کہا ہے کہ سیلابی پانی میں داخل ہونے یا اسے عبور کرنے سے گریز کیا جائے۔ متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو صاف اور فعال رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں اور ضروری سامان کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی ایمرجنسی آپریشن مرکز 24 گھنٹے فعال ہے اور صورتحال کی نگرانی کررہا ہے۔ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔



















