Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مجھ پر خواجہ آصف کے الزامات بے بنیاد ہیں، عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے شوکت خانم کی ڈونیشن اورمیری ذات کو نشانہ بنایا۔ 

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج امیدعلی بلوچ کی عدالت میں سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب ہرجانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عمران خان وڈیو لنک کے ذریعےعدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ یہ بات درست ہےکہ 3 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری 2008 میں کی گئی تھی، سرمایہ کاری کرنے والی رقم 2015 میں شوکت خانم کو واپس دےدی گئی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا 3 ملین ڈالرز کی رقم سات سال ایچ بی جی گروپ کے پاس رہی جس کے چیف ایگزیکٹو امتیاز حیدری ہیں، امتیاز حیدری اس کمیٹی میں شامل تھے جنہوں نے 3 ملین ڈالرز کی رقم سرمایہ کاری کرنے کے لیے منظورکی۔

عمران خان نے بتایا کہ 3 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری امتیازحیدری نے ذاتی فائدہ حاصل کرنے کے لیے منظور نہیں کی، بورڈ میٹنگز میں اس سرمایہ کاری سے متعلق بات ہوئی تھی۔ جب خواجہ آصف کو لیگل نوٹس بھیجا تو سرمایہ کاری کی رقم اس وقت تک واپس نہیں آئی تھی۔

سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ 16 سال سے امتیاز حیدری شوکت خانم اسپتال کے ڈونررہے، مجھےمعلوم نہیں کہ امتیازحیدری پی ٹی آئی کےڈونر بھی تھے یا نہیں، شوکت خانم اسپتال کے لئے متعدد سمندرپارپاکستانی ڈونیشن دیتے ہیں، میں نے امتیازحیدری کے کردار کے حوالے سے عدالت کو گمراہ نہیں کیا، مجھے نہیں یاد پڑتاکہ شیخ سلیم ال مشانی کون ہے۔

خواجہ آصف کے وکیل نے سوال کیا کہ آپ نے شیخ سلیم ال مشانی کا نام حرجانے کے نوٹس میں لکھا ہے، شیخ سلیم ال مشانی اومان میں رہتےہیں اور امتیاز حیدری کے پارٹنر ہیں جس پرعمران خان نے جواب دیا کہ مجھے اومان کے پراجیکٹ کا نہیں معلوم، اسپتال کے بورڈ آف گورنرز نے منظوری دی۔

انھوں نے مذید بتایا کہ مجھے نہیں معلوم کتنی سرمایہ کاری کی گئی تھی، میرا اس سے واسطہ نہیں، مجھے معلوم نہیں اومان کے پراجیکٹ میں کیاہورہاہے، مجھے ان پر بھروسہ ہے۔ مجھے نہیں معلوم انڈومنٹ فنڈ بورڈ کب بنایاگیاتھا، مجھے صرف اتنا معلوم ہے کہ انڈومنٹ فنڈ بورڈ نوے کی دہائی میں بنایاگیاتھا۔

وزیر دفاع کے خلاف ہتک عزت کے کیس میں سابق وزیراعظم پر جرح مکمل ہونے کے بعد عمران خان نے خواجہ آصف کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کیس اچھا لڑا، کیس تھا ہی نہیں آپ نے کیس بنا دیا۔ میں آپ کو ہائر کرنے کے بارے میں ائندہ سوچوں گا۔

جج سے مکالمہ کرتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ شوکت خانم سب سے بڑا خیراتی ادارہ ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا خیرات اکٹھا کرنے والا شخص ہوں۔ مجھ پر خواجہ آصف کے الزامات بےبنیاد ہیں، خیرات پر شبہ پیدا کردیں تو ڈونیشن ختم ہوجاتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میں شوکت خانم اسپتال کو بچانا چاہتا ہوں۔ تحریک انصاف واحد جماعت ہےجو ڈونیشن پر چلتی ہے۔ خواجہ آصف نے شوکت خانم کی ڈونیشن اورمیری ذات کو نشانہ بنایا۔

دورانِ سماعت وکیل ولید اقبال معاونت کرنے کے لیے عمران خان کے ساتھ موجود تھے۔ جرح مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت چار مارچ تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں