عدالت نے سابق وزیراعلی پرویزالٰہی کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی اور3 شریک ملزمان کی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں سابق وزیراعلٰی پنجاب کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کے 3 شریک ملزمان کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 15 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر کو 15 مارچ تک تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
اینٹی کرپشن کورٹ کے جج خالد محمود بھٹی نے ضمانت کی درخواستوں پرسماعت کی۔ ملزمان فتح محمد ایکسیئن، محمد فریاد ایکسیئن اور ارشد ندیم سپرنٹنڈنٹ انجینئر نے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہیں۔
ملزمان کی جانب سے محمد اسد منظوربٹ ایڈووکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کے شریک جرم ہونے کا الزام ہے۔
وکیل ملزمان نے مؤقف اپنایا کہ ملزمان پرمحمد خان بھٹی کو رشوت دے کر مرضی کے عہدوں پر تعیناتی کا الزام لگایا گیا ہے۔ ملزمان پر ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن اور کمیشن لینے کا بھی الزام ہے۔
ملزمان کے وکیل نے کہا کہ پرویزالٰہی اور محمد خان بھٹی کی وجہ سے سیاسی بنیاد پر مقدمہ درج کیا، استدعا ہے کہ مقدمہ کے حتمی فیصلے تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی جائے۔




















