Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

 نئے بلدیاتی قوانین کا معاملہ، پنجاب حکومت اورالیکشن کمیشن سے جواب طلب

 نئے بلدیاتی قوانین کے معاملے میں عدالتِ عالیہ نے پنجاب حکومت اورالیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں نگراں حکومت کی جانب سے نئے بلدیاتی قوانین کو معطل کرنے کے نوٹفکیشن کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے دائر درخواست پر سماعت کی۔

سابق صوبائی وزیر محمد رضوان نے قاضی مبین ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نگران حکومت نے 22 فروری 2023 نوٹفکیشن جاری کیا، 2013 کا پرانا بلدیاتی قوانین بحال کر کے نئے ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیے۔

وکیل درخواست گزارنے مؤقف اپنایا کہ نئے بلدیاتی قوانین کے تحت حلقہ بندیوں کا کام مکمل کیا جا چکا ہے، قانون کے تحت ایک مرتبہ نئے قانون کے تحت تعیناتیاں اوربلدیاتی اداروں کا قیام معطل نہیں کیا جا سکتا۔

درخواست گزارسابق صوبائی وزیر محمد رضوان نے نے مؤقف پیش کیا کہ نئے بلدیاتی قوانین کا فیصلہ منتخب حکومت کا پالیسی فیصلہ تھا۔ نگران حکومت منتخب حکومت کے فیصلے کو معطل یا کلعدم نہیں کرسکتی، نگران حکومت کا اقدام اعلیٰ عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔

وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت نئے بلدیاتی قوانین کو معطل اور پرانا بلدیاتی نظام بحال کرنے کے نوٹفکیشن کو کالعدم قرار دے۔

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 21 مارچ کے لیے ملتوی کر دی۔

متعلقہ خبریں