Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

غلام محمد ڈوگرکیس میں الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ میں فریق بننے کی درخواست

سی سی پی اولاہورغلام محمد ڈوگرکیس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں فریق بننے کی درخواست جمع کرادی۔

تفصیلات کے مطابق سی سی پی اولاہورغلام محمد ڈوگرکیس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں فریق بننے کی درخواست جمع کرادی جس میں کہا گیا کہ صاف شفاف انتخابات انعقاد اور تمام سیاسی جماعتوں اور فریقین کو برابری کے مواقع فراہم کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے نگراں حکومت کو ہدایت دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتظامی افسران کے رد و بدل کے لیے چیف سیکریٹری پنجاب اور خیبر پختوانخوا کو خطوط ارسال کیے ہیں، الیکشن کمیشن کا نقطہ نظرہے کہ متعصب افسران کی تبدیلی کے بغیر صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن صاف شفاف ہوں اور کرپٹ پریکٹس کو روکا جائے۔

سپریم کورٹ میں جمع درخواست میں کہا گیا کہ یہ ضروری ہے کہ الیکشن عمل میں معاونت کرنے والی مشنری غیر جانبدار ہو ، جس کی کسی سیاسی جماعت سے وابسطگی نہ ہو۔ متعلقہ افسر کا ایک مخصوص سیاسی جماعت کی طرف جھکاؤ ہے۔ الیکشن کمیشن کے پاس یہ یقین کرنے کی وجہ موجود ہے کہ متعلقہ افسر اپنی آئینی ذمہ داری نبھا نہیں سکے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اگر پنجاب اسمبلی الیکشن انعقاد کے وقت متعلقہ افسر محکمہ کے انچارج ہوئے تو وہ اپنی آئینی زمہ داری نبھا نہیں سکیں گے۔ یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ متعلقہ افسر کو اپنی پسند کی جگہ پر مخصوص پوسٹنگ کیوں دی جا رہی ہے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون کے مطابق تبادلہ پوسٹنگ، وفاقی یا صوبائی حکومت کا اختیار ہے۔ ایک افسر اپنی پسند کی پوسٹنگ کے حق کا دعوی نہیں کر سکتا۔ استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کو کیس میں فریق بننے کی اجازت دی جائے اور انصاف کے مفاد میں سنا جائے۔

متعلقہ خبریں