چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کردی گئی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ اسلام آباد کے تمام کیسز میں ویڈیو لنک پر پیشی کی اجازت دی جائے۔
سربراہ تحریکِ انصاف کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سیکیورٹی وجوہات پر ذاتی پیشی سے عدالتی کارروائیاں بھی تعطل کا شکار ہوتی ہیں۔
عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کی تمام ماتحت عدالتوں میں ویڈیو لنک پر پیشی کی استدعا کی گئی اوردرخواست میں تمام کیسز جوڈیشل کمپلیکس میں چلانے کی بھی تجویز دی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ پولیس کو عدالت پیشیوں کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیاجائے اورموٹروے ہائی وے پر بھی سیکیورٹی فراہمی کے احکامات دیے جائیں۔
عمران خان کی جانب سے فیصل چوہدری نے بطور اٹارنی درخواست دائر کی، کیس کی پیروی بیرسٹر سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر ابوذر سلمان خان نیازی کریں گے۔
درخواست میں عدالت سے آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیے جانے کی استدعا بھی کی گئی۔
دوسری جانب لاہورہائی کورٹ میں عمران خان کی تتقاریرکی نشریات پر پابندی کے خلاف درخواست سماعت کےلئے مقررکردی گئی۔ جسٹس شاہد بلال حسن کچھ دیر میں سماعت کریں گے۔
عدالتی حکم پرعمران خان کے وکیل بیرسٹر احمد پنسوتہ نے پیمرا کامصدقہ حکم نامہ درخواست کے ہمراہ منسلک کردیا۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔




















