Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کامعاملہ؛ وفاق، گورنرپنجاب اور دیگر کو دوبارہ نوٹس

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کے معاملے میں وفاق، گورنرپنجاب اور دیگر کو دوبارہ نوٹس جاری کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلٰی پنجاب کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے وفاقی حکومت، گورنر پنجاب، الیکشن کمیشن اور حکومت پنجاب کودوبارہ نوٹس جاری کردیے۔

لاہور ہائی کورٹ نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کےخلاف درخواست پرسماعت 27 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

جسٹس شاہد کریم نے سماعت کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو عدالتی معاونت کے لئے طلب کرلیا۔

سرکاری وکیل کی جواب داخل کرنے کےلئے مزید مہلت کی استدعاعدالت نے منظور کرلی جبکہ عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیے۔

وکیل اظہرصدیق نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعلیٰ تعیناتی میں اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کیں۔ نگراں وزیراعلیٰ سیاسی وابستگیاں رکھتے ہیں۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں متحرک رہے۔ نگراں وزیراعلیٰ نے کرپشن کا اعتراف کرتے ہوئے نیب کو رقم واپس کی۔

درخواست میں یہ بھی مؤقف اپنایا کہ نگراں وزیراعلیٰ شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی معاونت کا پابند ہے۔ الیکشن کمیشن کا سیاسی وابستگی رکھنے والے نگراں وزیراعلی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن نامناسب ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت نگراں وزیراعلی کو کام سے روکتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرے۔

متعلقہ خبریں