بھارتی دبنگ اداکار سلمان خان سے متعلق انتہائی افسوسناک خبر آگئی ہے۔
حال ہی میں بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کی ہٹ لسٹ کے ٹاپ 10 اہداف میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سال 1998 میں سلمان خان نے کالے ہرن کا شکار کیا تھا جسے بشنوئی برادری مقدس سمجھتی ہے، سلمان خان کے اس عمل نے ہماری برادری کے جذبات کو مجروح کیا تھا جس کا بدلہ لینے کے لیے وہ اداکار کو مارنا چاہتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہاڑ جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی نے بھارتی نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ اُس کا سلمان خان کو مارنے کا ارادہ تھا، سلمان خان گینگسٹر کی جانب سے بنائی گئی اہداف کی فہرست میں ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ لارنس بشنوئی نے گزشتہ سال دسمبر میں این آئی اے کے سامنے بھی اعتراف کیا تھا کہ ان کی ہدایت پر ان کے کارندے سمپت نہرا نے سلمان خان کی ممبئی رہائش گاہ کی ریکی کی تھی تاہم نہرا کو ہریانہ پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس نے گرفتار کر لیا تھا۔
رواں سال 11 اپریل کو سلمان خان کو جان سے مارنے کی ایک اور دھمکی آمیز ای میل بھی موصول ہوئی تھی۔
ممبئی پولیس کے مطابق اداکار کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے پر ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد سلمان خان کو پولیس کی جانب سے ’وائے پلس‘ سیکیورٹی فراہم کر دی گئی تھی۔
مہاراشٹر کی ریاستی حکومت نے یہ قدم اداکار کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد اٹھایا تھا۔




















