Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت قرار دینے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت قرار دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف درخواست پر ابتدائی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ ٹرائل کورٹ میں آئندہ سماعت کب ہوگی؟

وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ ٹرائل کورٹ میں کیس کل سماعت کے لیے مقرر ہے۔ ہائی کورٹ کیس دوبارہ ٹرائل کورٹ بھیجے تو دوسری عدالت کو بھیجتی ہے۔

خواجہ حارث نے یہ بھی بتایا کہ ایک جج جو اپنا مائنڈ واضح کر چکا ہو اسے دوبارہ کیس نہیں بھیجا جاتا۔ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سماعت کیلئے آٹھ سوالات طے کر دیے تھے۔ اُن سوالات پر اب کی بار بھی واضح طور پر فیصلہ نہیں کیا گیا۔

وکیل درخواست گزار نے دلائل دیے کہ تمام سوالات اہمیت کے حامل ہیں جن کا جواب آنا ضروری تھا،  ہمارا ایک اعتراض یہ بھی ہے کہ مجاز اتھارٹی کی جانب سے کمپلینٹ فائل نہیں کی گئی، ٹرائل کورٹ نے آٹھ میں سے پہلے تین سوالات کے جواب دیے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے باقی سوالات کا جواب دیا ہی نہیں، ہائی کورٹ کی جانب سے سات دنوں میں فیصلہ کرنے کا وقت 12 جولائی کو مکمل ہونا تھا، آٹھ جولائی کو سماعت دس جولائی تک ملتوی کرنے کی استدعا کو منظور نہیں کیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت قرار دینے کے خلاف اپیل پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

متعلقہ خبریں