گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو دہشت گردی کے مقدمے سے بری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کے خلاف گجرات کے تھانہ انڈسٹریل میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت مدعی مقدمہ اپنے بیان سے منحرف ہو گیا جس پر عدالت نے رانا ثناء اللہ کو مقدمے سے بری کر دیا۔
واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا گجرات میں چیف سیکریٹری اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج تھا۔
رانا ثناء اللہ کی گفتگو
پیشی کی بعد وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ آج ایک جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ اپنے انجام کو پہنچا، میں جھوٹے مقدمے سے باعزت بری ہوا ہوں، ہم سب نے اپنی بے گناہی عدالتوں میں پیش ہو کر ثابت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین سب عدالتوں میں پیش ہوئے، نہ ہم نے عدالتوں کا گھیراؤ کیا اور نہ ہی کارکن اکٹھے کر کے عدالتوں پر چڑھائی کی، ہمارے تمام قائدین عدالتوں میں عام آدمی کی طرح پیش ہوئے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ہمارے قائدین نے سروں پر بالٹیاں نہیں رکھی اور نہ ہی عدالتوں کے دروازے توڑے، نو مئی کو اس ملک کے دفاعی ادارے پر حملہ کیا گیا، جنھوں نے ہمارے شہداء کی بے حرمتی کی ان کو معاف نہیں کیا جا سکتا، الیکشن میں پاکستان عوام کو موقع ملے گا کہ وہ اپنے نمائندے کو منتخب کرے، ہم نے ہمیشہ اپنے ذات کی نفی کر کے ملک کی ترقی کے لیے کام کیا، ہمارا کرادر بھی سب کے سامنے ہیں اور ان کا بھی جنھوں نے معاشرے کو تقسیم کرنے کی سیاست کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















