Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست نمٹا دی

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے خلاف توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی درخواست نمٹا دی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے توشہ خانہ کیس کی اپیل نمٹاتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا، جس میں کہا گیا کہ ٹرائل کورٹ، ہائی کورٹ کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔

دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کل درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

جسٹس یحیحی آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سے سوال کیا کہ کیا ہائی کورٹ نے حکم امتناع دیا ہے؟ جس پر وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ نے کوئی حکم امتناع نہیں دیا۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 528 اس حوالے سے واضح ہے۔ میں رضامندی کا اظہار کروں تو اسکی خواجہ صاحب غلط تشریح کرتے ہیں۔

جسٹس یحیحٰی آفریدی نے ریمارکس دیے کہ معاملہ قانون سے آگے جا کر فریقین کی رضامندی پر آ چکا ہے۔ مقدمہ ٹرانسفر کرنے کی درخواست ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے، توقع ہے ہائی کورٹ اور ٹرائل کورٹ قانون کی روح کے مطابق چلیں گی۔

عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی اور کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم چیئرمین تحریک انصاف کی دیگر زیر التواء درخوستوں پر اثرانداز نہیں ہوگا۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامہ میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 526(8) کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ سیکشن 526 (8) کے تحت ٹرانسفر کی درخواست پر فیصلے تک ٹرائل کورٹ فیصلہ نہیں سنا سکتی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں