Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وکیل قتل کیس؛ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کوئٹہ میں وکیل قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کوئٹہ میں وکیل قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی نامزدگی کے کیس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ میں شکایت کنندہ کے وکیل امان اللہ کنرانی کی جانب سے التواء کی درخواست کی گئی اور عدالت کو بتایا گیا کہ وکیل امان اللہ کنرانی بیٹے کی بیماری کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ التواء کی درخواست کی مخالفت نہیں کرتا، درخواست کرتا ہوں کہ آئندہ سماعت جلد مقرر کی جائے۔ گزشتہ سماعت پر عدالت میں بدمزگی ہوئی تھی، ججز نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا آج ماحول ٹھیک ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل سے سوال کیا کہ کیا چیئرمین پی ٹی آئی ہائی کورٹ کے حکم پر شامل تفتیش ہوئے ہیں؟ وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کو مانتے ہی نہیں تو شامل تفتیش کیوں ہونا ہے، جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے افسران شامل ہیں۔

وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل کو ہی چیلنج کر رکھا ہے،  مقدمے میں انسداد دہشتگردی کی دفعات لگ ہی نہیں سکتیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس کیس میں ہم نے اور بھی کافی سوالات سوچ رکھے ہیں، شکایت کنندہ کی عدم موجودگی میں کیس نہیں سن سکتے۔

سپریم کورٹ نے کوئٹہ میں وکیل قتل کیس میں مدعی مقدمہ کے وکیل کی عدم پیشی پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کردی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں