Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ؛ توشہ خانہ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک ملتوی

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک ملتوی کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے توشہ خانہ کیس سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس جمال خان مندوخیل بینچ کا حصہ تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں دی گئی سہولیات پر رپورٹ طلب کرلی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دلائل مکمل کر کے آیا ہوں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ اس مسئلہ کو دیکھ رہی ہے، ہائیکورٹ کا کیس سننا ہمارے نظام کی خوبصورتی ہے، ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے دیں، دیکھیں ہائیکورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے، ممکن ہے ہائیکورٹ ریلیف دے دے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے وکیل سے پوچھا کہ کیا آپ نے ہائیکورٹ کے سامنے تمام اعتراضات اٹھائے؟ وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ بلکل میں نے ہائیکورٹ کے سامنے تمام حقائق رکھے ہیں۔

وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہائیکورٹ کو بھی بتایا تھا پہلے دو مرتبہ آئے لیکن فیصلے کے بجائے کیس واپس بھیج دیا گیا،  میں کل چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں ملنے گیا ایک پولیس والا ڈٹ کے ساتھ بیٹھ گیا، میں نے اس سے کہا کہ بھائی یہ وکیل اور مؤکل کی گفتگو ہے آپ یہاں کیوں بیٹھے ہو۔

چیف جسٹس نے مکالمہ کیا کہ سردار صاحب کوئی ایسی بات نہ کریں جو ریکارڈ پر نہیں ہے، جیل میں جو حالات ہیں اس کی رپورٹ ہم طلب کرلیں گے، تعریف کرتا ہوں کہ ہائیکورٹ انصاف کی فراہمی کی لیے خصوصی کوششیں کر رہی ہے۔

جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سوال کیا کہ کھوسہ صاحب یہ بتائیں کہ ہائیکورٹ میں مقدمے کا کیا فیصلہ آئے گا، جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ سر میں پیشین گوئی تو نہیں کر سکتا نہ ہی میں کوئی تاریخیں دینے والا سیاستدان ہوں۔

سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک توشہ خانہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں