اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو درخواستوں پر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے نو مئی کے واقعات اور جعل سازی کے درج 6 مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت خارج کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے اپنے موقف میں کہا کہ ہماری درخواستوں پر متعدد اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپکی درخواستوں میں استدعا کیا ہے؟ وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں، ان کی ضمانت کی درخواستیں عدم حاضری پر خارج کر دی گئی ہیں، ٹرائل کورٹ کو چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دینا چاہیے تھا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا ایسی صورتحال میں دوبارہ ضمانت کی درخواست دائر نہیں ہونی چاہیے؟ چیئرمین پی ٹی آئی عبوری ضمانت پر تھے اور ایک دوسرے کیس میں جیل چلے گئے، سمجھنا چاہ رہا ہوں کہ ایسی صورتحال میں فورم کونسا ہو گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو درخواستوں پر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آپ درخواستوں پر اعتراضات دور کریں اگلے روز سماعت کیلئے مقرر ہو جائے گی، آپکی درخواست قابلِ سماعت ہے یا نہیں یہ جوڈیشل سائیڈ پر دیکھیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















