Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد ہائیکورٹ؛ پرویز الٰہی کی نظر بندی معطل، فوری رہائی کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چوہدری پرویز الٰہی کی ایم پی او آرڈر کالعدم قرار دینے کی درخواست پر سماعت کی۔

پرویز الٰہی کے وکیل کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے یکم ستمبر کو پرویز الٰہی کی رہائی کا حکم دیا، لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو کسی بھی اور کیس میں گرفتار کرنے سے روکا، اسلام آباد پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر کو فرسٹریٹ کرنے کیلئے ان کو گرفتار کیا، معلوم پڑا ہے کہ اب پرویز الٰہی کو اٹک جیل سے نکال کر پولیس لائنز لایا گیا ہے۔

عدالت نے پرویز الٰہی کے وکیل کو ایم پی او کے تحت نظربندی کا آرڈر پڑھنے کی ہدایت کی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کے دوران وکیل سے پوچھا کہ کیا پرویز الٰہی اسلام آباد کے رہائشی ہیں؟ ایم پی او آرڈر میں لکھا گیا کہ پرویز الٰہی نے کارکنوں کو اشتعال دلایا، کیا ان کے خلاف اسلام آباد میں کوئی مقدمہ درج ہے؟

وکیل نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی لاہور کے رہائشی ہیں، اسلام آباد میں بھی انکا گھر ہے، ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے، اسلام آباد پولیس نے ان کو لاہور پولیس سے چھین کر دوسری گاڑی میں ڈالا، اسلام آباد ہائیکورٹ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے ایم پی او آرڈرز کو کالعدم قرار دے چکی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پھر اسی طرح کا ایم پی او آرڈر جاری کر دیا، کیا وہ اتنا طاقتور ہو گیا ہے؟

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کی ایم پی او کے تحت نظربندی کا آرڈر معطل کر دیا اور ان کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔

ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کو منگل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

 

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں