Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بالآخر پاکستان ٹیم کو ورلڈکپ کے لیے بھارت کے ویزے جاری

پاکستان کرکٹ ٹیم کو بالآخر بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے لیے ویزے جاری کردیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 اکتوبر سے بھارت میں شروع ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے بالآخر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔

پاکستانی ٹیم اب بدھ کی صبح دبئی کے راستے حیدرآباد، بھارت کے لیے روانہ ہوگی، جہاں ان کا پہلا ورلڈ کپ وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف جمعہ 29 ستمبر کو حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔

تاہم پاکستان کے لیے ان ویزوں کو حاصل کرنا آسان نہیں تھا جب کہ پی سی بی نے بھارتی ویزوں کے حصول میں نمایاں تاخیر پر آج آئی سی سی سے باضابطہ طور پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو خط لکھا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ’’ہم تین سال سے اس معاملے پر بات کررہے ہیں لیکن کسی نے ہمارے تحفظات پر توجہ نہیں دی اور اب صورت حال اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ ہم ابھی تک ویزوں کے منتظر ہیں‘‘۔

پی سی بی نے خط لکھا تھا کہ ’’متعلقہ حکام کی طرف سے جواب نہ ملنے کی وجہ سے ہم غیر یقینی کی کیفیت میں ہیں، حیدرآباد جانے سے قبل ہمیں دو دن دبئی میں قیام کرنا تھا لیکن ویزے کے مسئلہ کی وجہ سے ہمیں وہ سفر منسوخ کرنا پڑا‘‘۔

انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’’ہمیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ویزے 24 گھنٹوں کے اندر جاری کردیے جائیں گے تاہم ہر گزرتے دن کے ساتھ غیر یقینی کی صورت حال بڑھتی جا رہی ہے اور اس کی وجہ سے ہر ایک میں بے چینی پائی جاتی ہے‘‘۔

واضح رہے کہ ویزے میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان کو ورلڈ کپ کے لیے حیدرآباد جانے سے قبل دبئی کے دو روزہ دورے کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں