پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈ کپ2023 میں اپنا چوتھا میچ جمعہ کے روز آسٹریلیا کے خلاف بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔
چناسوامی اسٹیڈیم میں یہ ورلڈ کپ کا پہلا میچ ہوگا جب کہ دو بڑی ٹیموں کے درمیان دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو سنسنی خیز کھیل دیکھنے کو ملے گا۔
بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا اس ورلڈ کپ میں یہ چوتھا میچ ہے۔ پاکستان نے حیدرآباد میں نیدرلینڈز اور سری لنکا کو شکست دی تھی جب کہ احمد آباد میں انہیں بھارت کے خلاف شکست ہوئی تھی۔
پاکستان ٹیم دس ٹیموں کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت چوتھے نمبر پر ہے۔
بنگلور میں آنے کے بعد ٹیم نے پچھلے دو دنوں کے دوران فلڈ لائٹس میں سخت پریکٹس کی ہے تاکہ کنڈیشنز سے خود کو ہم آہنگ کرسکیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن پی سی بی ڈیجیٹل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ چناسوامی اسٹیڈیم چھوٹا گراؤنڈ ہے اور باؤنڈریز چھوٹی ہیں جب کہ کنڈیشنز کھیل کے لیے بہت اچھی ہیں اور ہم نے اپنا ہوم ورک کیا ہے۔
انہون نے کہا کہ 63، 64 میٹرز کی باؤنڈری کی وجہ سے یہ گراؤنڈ ہائی اسکورنگ رہا ہے جس پر بیٹرز نے ہمیشہ انجوائے کیا ہے لیکن بولرز کے لیے چیلنج ہوگا اور میرے خیال میں غلطی کی گنجائش بہت کم ہوگی۔
گرانٹ بریڈ برن کہتے ہیں کہ چونکہ ہمارا بولنگ اٹیک اس وقت اتنا ایکیوریٹ نہیں رہا ہے جیسا کہ کچھ وقت پہلے تک تھا لہذا ہمیں بہت ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنی پڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ بھارت کے خلاف نتیجہ ہمارے حق میں نہیں تھا تاہم ہمیں اس میچ سے کچھ اہم باتیں سیکھنے کو ملیں جو اس ٹورنامنٹ میں ہمیں کام آئیں گی۔
ہیڈ کوچ کہتے ہیں کہ یہ سیکھنے کا اچھا موقع تھا کہ جب آپ بہت بڑے پرجوش کراؤڈ کے سامنے کھیلتے ہیں۔ یہ عام سی بات نہیں ہوتی کہ آپ ایسے کراؤڈ کے سامنے کھیلتے ہیں جو مکمل طور پر آپ کی حریف ٹیم کو سپورٹ کرتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس میچ سے پہلے کھلاڑیوں اور کوچز کے درمیان اچھی گفتگو رہی ہے اور پچھلے میچ کے تجربات اور اس میچ کے حوالے سے ایک دوسرے کے خیالات سننے کا موقع ملا ہے، خاص کر چناسوامی اسٹیڈیم کے بارے میں مفید باتیں رہی ہیں خاص کر بولنگ اور ریورس سوئنگ کے بارے میں۔
خیال رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا آغاز خاصا مایوس کن رہا ہے اور انہیں بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی ہے۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دس میں سے چھ میچوں میں شکست دی ہے تاہم آخری بار جب یہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ سیریز میں مدمقابل ہوئی تھیں تو پاکستان نے آسٹریلیا کو دو ایک سے شکست دی تھی۔
بریڈبرن کہتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس ورلڈ کپ میں تیسرا میچ جیت کر تین ایک کے ساتھ چنئی جائیں جہاں ہمیں افغانستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں دس بہترین ٹیمیں موجود ہیں اور جیسا کہ ہم نے پچھلے ہفتے دیکھا ہے کہ کوئی بھی کسی کو ہراسکتا ہے۔ ہمیں آسٹریلیا کے اسٹائل اور طاقت کا اندازہ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہم کہاں انہیں ایکسپلائٹ کرسکتے ہیں۔
بریڈبرن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب تک ہم تینوں شعبوں میں صحیح معنوں میں پرفارمنس نہیں دے سکے ہیں لیکن ہمیں پتا ہے کہ جب ہم یہ کریں گے تو اور بہتر ہوگا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















