Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹیم ڈائریکٹر کا کردار ادا کرنے پر فخر ہے، محمد حفیظ

سابق کپتان محمد حفیظ پی سی بی میں نئی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے پر امید ہیں۔

محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے انہیں بدھ کے روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کا ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔

محمد حفیظ اس سے قبل ذکاء اشرف کے موجودہ دور میں ٹیکینکل کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے بھی کام کرچکے ہیں۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے لیے ٹیم ڈائریکٹر کا کردار ادا کرنے کے لیے پرجوش اور فخر محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ’’میں اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے اور مجھے یہ چیلنجنگ ذمہ داری دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں‘‘۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کے لیے کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔ ہم مل کر بہترین کارکردگی کے لیے کوشش کریں گے اور اپنے مداحوں کے لیے خوشیاں لائیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان محمد حفیظ کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے۔

محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر12780 رنز بنائے اور253 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکینکل کمیٹی کے رکن بھی رہے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ اس ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں جس نے 2017 میں انگلینڈ میں منعقدہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔

متعلقہ خبریں