Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شان مسعود دورہ آسٹریلیا سے قبل انجری کے شکار

قومی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان شان مسعود دورہ آسٹریلیا سے قبل انجری کا شکار ہوگئے۔

ایک روزہ پاکستان کپ کا دوسرا سیمی فائنل راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس اور ملتان ریجن کے درمیان کھیلا گیا جس میں کراچی وائٹس نے 43 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔

میچ کے نویں اوور میں خلل اس وقت پڑا جب 281 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان کے کھلاڑی صہیب مقصود نے اونچا شاٹ کھیلا تو کراچی وائٹس کے کھلاڑی سرفراز احمد اور شان مسعود اس کو پکڑنے کے لیے دوڑے اور آپس میں ٹکرا گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے کیچ پکڑنے کی کوشش میں تیزی دکھائی جس کے نتیجے میں ان کے درمیان شدید ٹکر ہوئی اور دونوں کھلاڑی ہی گر پڑے۔

تاہم سرفراز احمد فوری اپنے پاؤں پر کھڑے ہوگئے لیکن شان مسعود ٹخنے میں درد کی وجہ سے کافی تکلیف میں دکھائی دیے جس کے بعد کھیل کو کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا اور پھر علاج کے لیے طبی سامان کو میدان میں لایا گیا لیکن انہیں میدان چھوڑ کر باہر جانا پڑا۔

واضح رہے کہ شان مسعود کو حال ہی میں پی سی بی نے قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان نامزد کیا ہے جب کہ ان کی قیادت میں قومی ٹیم دورہ آسٹریلیا پر تین ٹیسٹ کھیلے گی۔

متعلقہ خبریں