Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حارث رؤف کے خلاف انتقائی کارروائی ہوگی یا نہیں؟ پی سی بی کا دوٹوک بیان

پی سی بی نے قومی فاسٹ بولر حارث رؤف کے حوالے سے دو ٹوک بیان جاری کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ دورہ آسٹریلیا سے انکار کرنے والے فاسٹ بولر حارث رؤف کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گا۔

پی سی بی کی ڈاریکٹر میڈیا عالیہ رشید کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ حارث رؤف کو محدود اوورز کی سیریز کے لیے زیر غور لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خود کو 4 اوورز تک محدود کرلینا مناسب نہیں، سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ہر کھلاڑی کے لیے ضروری ہے کہ جب ٹیم کے لیے آواز دی جائے تو وہ تیار رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ میں قابلیت ہے تو ہر فارمیٹ میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں، اگر کھلاڑی ٹیسٹ میچز نہیں کھیلیں گے تو پاکستان ٹیم کا کیا بنے گا۔

اس سے قبل چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ورک لوڈ کے باعث حارث رؤف نے آخری لمحات میں دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے دو روز قبل دورہ آسٹریلیا کے حوالے سے حارث رؤف سے بات کی تھی اور اس وقت انہوں نے رضامندی ظاہر کی تھی لیکن بعد ازاں کل رات انہوں نے اپنا ارادہ بدلتے ہوئے ٹیسٹ سیریز میں شامل ہونے سے انکار کردیا۔

تاہم حارث رؤف کے قریبی ذرائع نے چیف سلیکٹر کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا ’’حارث رؤف نے دورہ آسٹریلیا کے لیے پہلے کبھی آمادگی ظاہر نہیں کی تھی، اس لیے آخری لمحات میں دورے سے دستبرداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘‘۔

انہوں نے مزید کہا تھا ’’حارث رؤف نے وہاب ریاض کو بتایا تھا کہ ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ حصہ نہیں لیا، اپنی فٹنس کو بہتر کرتے ہوئے وائٹ بال کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتا ہوں‘‘۔

متعلقہ خبریں