Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

محکمہ اوقاف میں کرپشن اورتنخواہیں نہ بڑھانےکےمعاملے پرسماعت 20دسمبرتک ملتوی

عدالت نے محکمہ اوقاف میں کرپشن اورتنخواہیں نہ بڑھانے کے معاملے پرسماعت 20دسمبرتک ملتوی کردی۔

سندھ ہائیکورٹ میں محکمہ اوقاف میں کرپشن اور ملازمین کی تنخواہیں نہ بڑھانے کے معاملے میں برطرف ملازم ارباب علی مورو کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

وکیل درخواست گزارکا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف کرپشن کا گڑھ بن گیا ہے، قانون کے مطابق زکوۃ کمیٹی کا چیئرمین، حاجی، نمازی اور پرہیزگار ہونا چاہیے، جس پرعدالت نے استفسارکیا کہ ایسے پرہیزگار لوگ ملیں گے کہاں؟

درخواست گزارنے جواب دیا کہ محکمہ اوقاف والے پیسے اسٹیٹ بینک سے سندھ بینک میں منتقل کرتے ہیں، وہاں پر پیسے رکھ کر ان سے سود وصول کرتے ہیں، یہ پیسے سندھ بینک کے بجائے نیشنل بینک میں رکھنے چاہیئں، ملازمین کی تنخواہیں بھی نہیں بڑھائی جا رہیں۔

قائم مقام چیف جسٹس نے درخواست گزارسے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیں کوئی قانونی نکتہ بتائیں، کوئی دستاویزات دیں، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جن لوگوں نے کرپشن کی ہے ان کو صرف شوکاز نوٹس ملا اور مجھے نکال دیا نوکری سے، عدالت نے کہا کہ لیکن آپ کے محکمے نے تو آپ کو ہی کرپٹ ثابت کیا ہے۔ آپ تیاری کے ساتھ آئیں اوراپنے ساتھ ضروری دستاویزات بھی لائیں۔

عدالت نے درخواست گزار کو تیاری اور دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 20 دسمبرتک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں