جنوبی افریقہ کرکٹ کے سابق صدر علی بچر نے بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر کی تشکیل میں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے تسلط پر تشویش کا اظہار کردیا۔
جنوبی افریقہ کرکٹ کے سابق صدر اور کرکٹ براڈکاسٹنگ کی کمرشلائزیشن کی ایک اہم شخصیت علی بچر نے بین الاقوامی کرکٹ کیلنڈر کی تشکیل میں بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے تلسط پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی بچر نے جنوبی افریقہ اور پاکستان سمیت دیگر کرکٹ بورڈز کو غیر اہم بنانے پر تنقید کی۔
انہوں نے عالمی سطح پر کھیل کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چند منتخب بورڈز کی ظاہری بالادستی سے بے چینی پیدا ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا ’’جب میں آئی سی سی کی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا چیئرمین تھا تو میرا مقصد کھیل کو پھیلانا تھا جو اب نہیں ہورہا، آج کرکٹ پر بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کا غلبہ ہے‘‘۔
علی بچر کہتے ہیں ’’پاکستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو غیر اہم بنادیا گیا ہے جو کہ اچھا نہیں ہے، آپ کو کھیل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا ’’دنیا کی کرکٹ کا 70 فیصد پیسہ بھارت سے آتا ہے لیکن میں چھوٹے ممالک کی ترقی دیکھنا چاہتا ہوں اور یہی میرا جنون ہے‘‘۔
انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے امریکہ میں کرکٹ کو فروغ دینے کے منصوبوں پر بھی تنقید کی اور کہا ’’آپ کو ایشیا میں کرکٹ کو ترقی دینا چاہیے کیونکہ وہاں بہت صلاحیت موجود ہے جب کہ امریکہ میں آپ کو اربوں ڈالر کی ضرورت پڑے گی جو کہ بہت مہنگا ثابت ہوگا‘‘۔




















