Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سڈنی ٹیسٹ میں امام الحق کی جگہ صائم ایوب کو کھلانے کا امکان

آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں سست رفتاری سے بیٹنگ کرنے والے امام الحق کی جگہ جارح مزاج بلے باز صائم ایوب کو کھلانے کا امکان ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں نوجوان اور جارح مزاج بلے باز صائم ایوب کا ڈیبیو کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صائم ایوب عبداللہ شفیق کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے جب کہ انہیں سست رفتاری سے بیٹنگ کرنے والے امام الحق کی جگہ کھلایا جائے گا۔

خیال رہے کہ امام الحق نے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز 62 اور دوسری اننگز میں صرف 10 رنز اسکور کیے تھے۔

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی وہ پرفارمنس دینے میں ناکام ثابت ہوئے اور پہلی اننگز میں 10 جب کہ دوسری اننگز میں 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

امام الحق کی سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے بھی ان پر تنقید کی جارہی ہے، انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 301 گیندیں کھیلیں اور صرف 94 رنز اسکور کیے۔

واضح رہے کہ امام الحق نے 24 ٹیسٹ میں 37.33 کی اوسط سے 1568رنز اسکور کیے ہیں جس میں ان کی 3 سنچریاں اور 9 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں