لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت 30 کھلاڑیوں کا اسکلز ڈیویلپمنٹ کیمپ 13 جنوری سے ملتان میں شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت تیس کھلاڑیوں کا 17 روزہ اسکلز ڈیویلپمنٹ کیمپ ملتان کے انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقد ہوگا۔
30-player Skills Development Camp to commence from 13 January in Multan
Details here ⤵️ https://t.co/zRt4eaOS3D
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) January 11, 2024
اسکلز ڈیویلپمنٹ کیمپ 13 سے 29 جنوری تک جاری رہے گا، منتخب کھلاڑیوں میں حنیف محمد ٹرافی کے ٹاپ پرفارمرز شامل ہیں جو پریزیڈنٹ ٹرافی کا حصہ نہیں ہیں۔
ان کے علاوہ لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی، آزاد جموں و کشمیر، ایبٹ آباد، بہاولپور اور حیدر آباد کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
کھلاڑیوں میں 14 بیٹرز، 4 اسپنرز، 9 پیسر اور تین وکٹ کیپرز شامل ہیں۔
این سی اے کے ہیڈ کوچ شاہد انور کا کہنا ہے کہ ہم حنیف محمد ٹرافی اور حنیف محمد کپ کے ٹاپ پرفارمرز کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکلز کیمپ کا انعقاد کررہے ہیں۔
ہیڈ کوچ شاہد انور کہتے ہیں یہ کیمپ 2023 ڈومیسٹک سیزن کے دوران کھلاڑیوں کی محنت کا اعتراف ہے، ہمارا مقصد ان نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو عمدہ پروڈکٹس میں پروان چڑھانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ہماری ڈومیسٹک کرکٹ کا معیار بلند کرنے میں مدد ملے گی اور ہمیں آگے بڑھنے کے لیے معیاری آپشنز ملیں گے۔




















