لاہور ہائی کورٹ نے این اے 130 سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی کامیابی کیخلاف درخواست آر او کو دینے کی ہدایت کردی۔
جسٹس علی باقر نجفی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کے نتیجہ کے خلاف امیدوار اشتیاق چوہدری کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سی سی پی او لاہور کی موجودگی میں ہمیں آر آفس نکال دیا گیا، جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ الیکشن لڑنا ہر شہری کا حق ہے۔
وکیل نے بتایا کہ حلقہ میں کل کاسٹ ووٹ 293696 تھے، نتیجہ 294043 ووٹ کا جاری کیا گیا، نتیجہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھاندلی سے نواز شریف کو جتوایا گیا۔
وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ریٹرننگ افسر کو امیدواروں کی موجودگی میں دوبارہ فارم 47 مرتب کرنے اور این اے 130 کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ آپ اپنے تمام تحفظات الیکشن کمیشن کو بتائیں، آپ گنتی کیلئے آر او یا الیکشن کمیشن سے رجوع کر سکتے ہیں، الیکشن کمیشن آپ کی درخواست پر جلد فیصلہ کردے گا۔
عدالت نے درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔




















