Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 9؛ کنگز نے زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 9 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 154 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی جب کہ کپتان بابر اعظم نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 گیندوں پر 72 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔

علاوہ ازیں روومین پاول 39، آصف علی 23، محمد حارث 6، ٹام کوہلر کیڈمور2، عامر جمال 1 اور لیوک ووڈ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ صائم ایوب، محمد ذیشان اور وقار سلام خیل بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ اور حسن علی نے تین تین کھلاڑیوں کا شکار کیا جب کہ ڈینیئل سمس کے حصے میں دو وکٹیں آئیں، شعیب ملک اور محمد نواز ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

جواب میں کراچی کنگز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ ہدف 16.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا جب کہ کیرون پولارڈ 21 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 49 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

کپتان شان مسعود 12، محمد اخلاق 24 اور شعیب ملک 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جیمز ونس نے 38 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

پشاور زلمی کی جانب سے لیوک ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور وقار سلام خیل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

کراچی کنگز (پلیئنگ الیون):

کپتان شان مسعود، محمد اخلاق، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سمس، حسن علی، میر حمزہ اور تبریز شمسی۔

پشاور زلمی (پلیئنگ الیون):

کپتان بابراعظم، صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، آصف علی، عامر جمال، لیوک ووڈ، محمد ذیشان، وقار سلام خیل اور سلمان ارشاد۔

متعلقہ خبریں