جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
ملک شہزاد احمد خان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان سے انکے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے ججز اور صوبائی وزراء بھی شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ حلف برداری تقریب میں وفاقی و صوبائی لاء افسران، انتظامی افسران اور عدالت عالیہ لاہور کے افسران سمیت دیگر شرکاء بھی موجود تھے۔
گورنر و وزیر اعلیٰ پنجاب نے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان کو عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملک شہزاد احمد خان حلف لینے کے بعد لاہور ہائی کورٹ پہنچ گئے، لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر چیف جسٹس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی جبکہ چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔




















