عدالت نے سوشل میڈیا پرپابندی کے خلاف دائر درخواست وفاق، پی ٹی اے اوردیگرکونوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت نے وفاقی حکومت، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے سماعت کی جبکہ سماعت کے دوران درخواست گزار شاکر محمود کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیے۔
وکیل درخواست گزارنے مؤقف اختیارکیا کہ حکومت نے سوشل میڈیا پر پابندی عائد کر دی ہے، اطلاعات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
وکیل اظہرصدیق نے مؤقف اپنایا کہ اطلاعات تک رسائی پر پابندی آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کی خلاف ورزی ہے، حکومت کی جانب سے ٹوئٹرپرپابندی عائد کی گئی ہے۔ حکومت تمام سوشل میڈیا پر عائد پابندیاں ختم کرے، استدعا ہے کہ عدالت سوشل میڈیا پر پابندی کے تمام نوٹفکیشن کلعدم قراردینے کا حکم دے۔




















