لاہور ہائی کورٹ نے فیصل آباد کا ماسٹر پلان کالعدم قرار دے دیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے فیصل آباد کے ماسٹر پلان کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے آغاز پر درخواست گزاروں کے وکلاء وقار اے شیخ اور شہزاد شوکت نے دلائل دیے۔
جسٹس شاہد کریم نے ماسٹر پلان کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ سنایا اور کہا کہ ماسٹر پلان ماحولیات سے مطابقت نہیں رکھتا، محکمہ ماحولیات سے این اوسی لئے بغیر ماسٹر پلان نہیں بنایا جا سکتا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ماسٹر پلان پہلے بنایا گیا جبکہ ریگولیشنز بعد میں جاری کی گئیں جوغیر قانونی ہیں، ماسٹر پلان کے بنانے میں اراکین اسمبلی کی مداخلت غیر قانونی ہے، اس مداخلت سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماسٹر پلان سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا، ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی فیصلہ سازی میں اراکین کی شمولیت کا کوئی قانونی جواز نہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے فیصل آباد کا ماسٹر پلان غیرقانونی قرار دیتے ہوئے غیرجانبدار کنسلٹنٹ مقرر کر کے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینے کا حکم دے دیا۔




















