Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرول مہنگا کرنے کیخلاف درخواست پر حکومت، وزارت پیٹرولیم اور اوگرا سے جواب طلب

لاہور ہائی کورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت، وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار منیر احمد کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت میں دلائل دیے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ موجودہ حکومت سابق حکومت کے نقش قدم پر چل کر عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے، وفاقی حکومت کو عوامی مشکلات میں اضافے کا کوئی استحقاق حاصل نہیں ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ عوامی حقوق کو ختم کرنے کے مترادف ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو گا، عالمی مارکیٹ کے برعکس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔

بعدازاں عدالت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت، وفاقی وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

متعلقہ خبریں