Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مختلف گریاں صحت کے کون سے مسائل حل کر سکتی ہیں، تحقیق

لوگوں کی بڑی تعداد بے وقت کی بھوک میں جنک فوڈ جیسے چپس اور بسکٹ کھانے کو ترجیح دیتی ہے جن کا استعمال صحت کے لیے نقصان کا باعث بن سکتا ہے تو ایسی صورت میں کیا کھایا جائے جو بھوک مٹانے کے ساتھ صحت کو بھی بہتر بنائے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گریوں کی مختلف اقسام جہاں آپ کی بے وقت کی بھوک کو مٹاتی ہیں وہی یہ صحت کے کئی مسائل کا حل بھی پیش کرتی ہیں اس طرح سے یہ آپ کو دوہرا فائدہ پہنچاتی ہیں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کون سی گری صحت کے کس مسئلے کو حل کرنے کے لیے بہترین ہے اور آپ ان سے کون سا ہدف حاصل کرسکتے ہیں، اور ماہرین اس سلسلے میں کیا کہتے ہیں؟

خواتین کی صحت کے لیے بہترین انتخاب

ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین کی صحت کے لیے کدو کے بیج بہترین ہیں ان میں ایسے غذائی اجزاء ہوتے ہیں جو خاص طور پر خواتین کی صحت کے لیے معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ان میں موجود میگنیشیم خواتین کو آسٹیوپوروسس سے تحفظ دینے، زنک تولیدی نظام اور دوران حمل بچے کی نشوونما کو بہتربنانے اور سیلینیم جو خواتین کے خاص ایام کی باقاعدگی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزن کم کرنے کے خواہشمند افرادکے لیے بہترین گری دار میوے

ایسے تمام افراد جو اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں سورج مکھی کا بیج ایک بہترین اںتخاب ہے اس میں کیلوریز اور دیگر گریوں کی نسبت چکنائی کم ہوتی ہے۔

اس میں فاسفورس بھی کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے جو خلیوں کی نشوونما اور مرمت میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ اسی طرح یہ آئرن اور فائبر کے حصول کا بھی ایک مؤثر ذرریعہ ہے۔

اب بات کی جائے مونگ پھلی کی یہ ایک سستی اور قابل رسائی گری ہے جو صحت سے بھر پور اجزاء کا ایک بہترین تناسب پیش کرتی ہے۔ اس میں فائبر، صحت مند چکنائی، پروٹین اور فلیوونائڈز جیسے اینٹی آکسیڈنٹس بھی موجود ہوتے ہیں، جو آزاد ریڈیکلز کو ختم کرنے اور ممکنہ طور پر کینسر سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔

گری دار میووں میں کاجو  کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے جبکہ اس سے پودوں پر مبنی دودھ بھی بنایا جا سکتا ہے۔کاجو میں پروٹین کی کثیر موجود ہوتی ہے اس کے علاوہ یہ مونو سیچوریٹڈ اور پولی ان سیچوریٹڈ چکنائی سے بھرپور ہوتے ہیں، جو کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے اور دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

بلڈ شوگر کو توزان میں رکھنے کے لیے بہترین گری دار میوے

جب بات بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کی ہوتو پستے سے بہتر کوئی انتخاب نہیں ہوسکتا، اس میں فائبر اور پروٹین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو خون میں شوگر کے انتظام میں مدد کرتا ہے۔ اس میں فی اونس کیلوریز بھی سب سے کم ہوتی ہے اس طرح یہ وزن کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ہیزلنٹس میں وٹامن بی 6، فاسفورس، پوٹاشیم اور زنک  کثیر میں موجود ہوتے ہیں جو میٹابولزم کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قوت مدافعت بڑھانے اور بلڈ پریشر کو توازن میں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ صحت مند چکنائی کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے، جو کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے اور سوزش کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

دل کی صحت کے لیے بہترین گری دار میوے

گری دار میووں میں بادام سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے اس میں بہت سے صحت بخش اجزاء کے ساتھ نائٹرک ایسڈ بھی پایا جاتا ہے۔ نائٹرک آکسائیڈ خون کی شریانوں کو آرام دہ حالت میں رکھتا ہے جس سے بلڈ پریشر توازن میں رہتا ہے اس طرح امراض قلب کا خطرہ جاتا رہتا ہے۔

اخروٹ کے فوائد سے کون واقف نہیں یہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کے ساتھ ایسے اجزاء موجود ہوتے ہیں جو خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مددفراہم کرتے ہیں اس طرح دل صحت مند رہتا ہے۔

دماغی صحت کے لیے بہترین گری دار میوے

اخروٹ میں ایسی چکنائی پائی جاتی ہے جو اعصابی سوزش کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اس طرح دماغی صحت اور تندرستی میں مدد ملتی ہے اور علمی زوال کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

ملے جلے گری دار میوے

اگر ان تمام گریوں کو ملاکر دن کے کسی بھی وقت غذا میں شامل کیا جائے تو اس طرح جسم کو تمام ضروری غذائی اجزاء مل جاتے ہیں اور مجموعی صحت بہتر رہتی ہے اس لیے اب جب بھی بے وقت کی بھوک پریشان کریں تو ان گریوں سے فائدہ اٹھائیں اور صحت بہتر بنائیں  ۔