Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر، تیمور ملک، ایف آئی اے پراسیکوشن ٹیم میں حامد علی شاہ، ذوالفقار نقوی و دیگر عدالت پیش ہوئے۔

کمرہ عدالت میں ملزم کے خاندانی افراد سمیت پارٹی قیادت بھی موجود تھی۔ بیرسٹرسلمان صفدر نے سائفر کیس میں دسویں دن بھی اپنے دلائل کا آغازکیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم نے گزشتہ روز چارجز سے متعلق آپ سے کچھ چیزوں پر معاونت طلب کی تھی، جس پربیرسٹرسلمان صفدرنے جواب دیا کہ میری بحثیت وکیل ذمہ داری ہوگی کہ ہراینگل آپ کے سامنے رکھ سکوں، جب آپ رمضان میں کام کررہے تو بندہ تھوڑا ایگزاسٹ ہوتا ہے، میری گزارش ہوگی کہ کسی ایک پارٹی کو عید سے پہلے عیدی ملنا چاہیے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، ہم نے تمام پروسیجر کے ساتھ چل کر دیکھنا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدرنے سائفر کیس میں سزا معطلی کی استدعا کی جس پرعدالت نے کہا کہ ابھی سزا معطل کرکے کیا کرنا، ابھی مرکزی اپیلوں پر فیصلہ کریں گے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کس قانون میں ہے کہ سائفر ایک سال کے اندر واپس کرنا ہوتا ہے؟ اگر یہ ایک سال ہے تو ایک سال خصوصی طور پر لکھا جانا چاہیے۔ آپ نے ہمیں کیپچر کرلیا ہے۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ ہمیں تو عید سے پہلے کچھ نہیں ملا جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ عید بعد میں ہوگی، عید کے بعد اسے رکھ لیتے ہیں، عید کے بعد 16 اپریل کو کیس کی سماعت رکھ لیں گے۔

اس کے ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں