پانی زندگی کا لازمی جز ہے بلکہ یہ کہا جائے تو بے جانہ ہوگا کہ پانی ہی زندگی کی بنیاد ہے یہی وجہ ہے کہ صحت مند رہنے کے لیے دن بھر میں 8 گلاس یا اس سے زائد پانی پینا نہایت ضرروی ہے۔ تاکہ جسم کے تمام اعضاء بہتر اندازمیں اپنے افعال انجام دیں سکیں۔
ہمارے جسم میں 70 فیصد پانی ہے اس لیے اس توازن کو برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ اور یہ پانی پسینے اور پیشاب کی صورت میں جسم سے خارج ہوتا رہتا ہے اسی لیے جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے لے لیے پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔
یوں تو دنیا بھر میں پانی کی کئی اقسام پائی جاتی ہے تاہم ان میں سب سے زیادہ منرل واٹر کا استعمال کیا جاتا ہے، جو ہر جگہ پلاسٹک کی بوتلوں میں دستیاب ہوتا ہے جسے آسانی سے خریدا اور استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسے خاص طریقے سے صاف کیا جاتا ہے پھر اسے پلاسٹک کی بوتلوں میں بھر کر فروخت کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔
فوائد
منرل واٹر کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ ضروری غذائی اجزاء اور معدنیات سے بھرپور ہوتا ہے جو آپ کے جسم کو صحت مند اور انفیکشنز کی صورت میں لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان غذائی اجزاء میں کیلشیم، میگنیشیم، سلفر اور بہت سے دوسرے شامل ہوتے ہیں۔جو جسم کے مختلف نظام کے لیے ضروری غذائی اجزاء ہیں۔
منرل واٹر کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ یہ آپ کے جسم کو ضروری معدنیات مہیا کرتا ہے جس سے آپ فٹ رہ سکتے ہیں۔
یہ تمام معدنیات ہاضمے میں مدد فراہم کرتی ہے جس سے غذا بہتر طور پر ہضم ہوکر خون میں شامل ہوتی ہے۔ بہت سے لوگ منرل واٹر کے ذائقے کو بھی پسند کرتے ہیں کیونکہ اس میں تھوڑی سی مٹھاس ہوتی ہے۔ یہ پانی کی بہترین اقسام میں سے ایک ہے۔
نقصانات
منرل واٹر کی ایک اہم خامی یہ ہے کہ اس کی قیمت عام نل کے پانی سے کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ بہت سے گھرانوں میں نل کا پانی مفت دستیاب ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ پلاسٹک کی بوتل میں پانی موجود ہونے کی وجہ سے اس میں مائیکروپلاسٹک کے ذرات شامل ہوسکتے ہیں جو آپ کی صحت کو متاثر کر سکتے ہیں۔




















