Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بشریٰ بی بی کی بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقلی درخواست پر سماعت ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے دائر درخواست پر سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گِل کی آج پھر عدم حاضری پر جسٹس حسن اورنگزیب نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پھر کہہ رہا ہوں دونوں اطراف عدالت کے ساتھ سیاست کھیل رہی ہیں۔

اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ دونوں فریقین کی استدعا ہے کہ مزید کچھ دن کا وقت دیا جائے، ہماری بات چیت چل رہی ہے امید ہے جلد ایگریمنٹ ہو جائے گا، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حیرانی سے استفسار کیا کہ ایگریمنٹ؟

اسٹیٹ کونسل نے بتایا کہ ہمارا دو طرفہ ارینج منٹ ہو رہا ہے ابھی حتمی نہیں اس لیے نکات ابھی نہیں بتا سکتا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ یہ عدالت اس کیس کے زیر التواء ہونے سے متعلق بہت فکر مند ہے، یہ رٹ فائل کرتے ہیں جب دیکھتے ہیں ریلیف ملنے لگا ہے تو پھر کھیل شروع کر دیتے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسٹیٹ کونسل سے مکالمہ کیا کہ آپ لوگ بھی کچھ کم نہیں ہیں۔

بشریٰ بی بی کے وکیل خالد چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ عثمان گِل عدت میں نکاح کیس میں ڈسٹرکٹ کورٹ میں ہیں اس لیے یہاں پیش نہیں ہو سکے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ یہ سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کا کوئی گراؤنڈ نہیں ہے، آخری بار موقع دے رہا ہوں آئندہ سماعت پر لازمی پیش ہو کر دلائل دیں۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 مئی تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ خبریں