بھارت سے تعلق رکھنے والے سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کی ہلاکت سے متعلق امریکی پولیس کی جانب سے اہم بیان جاری کردیا گیا ہے۔
امریکی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کیلیفورنیا کے فریسنو میں فیئرمونٹ اور ہولٹ ایونیو میں مبینہ طور پر دو افراد کو گولی ماری گئی تھی جن میں سے ایک بعد میں اسپتال میں دم توڑ گیا تھا جس کے متعلق یہ قیاس کیا گیا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار تھا۔
فریسنو پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ان رپورٹوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے گولڈی برار کی ہلاکت کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
کچھ مقامی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 37 سالہ زیویئر گالڈنی کے نام سے ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ستیندرجیت سنگھ عرف گولڈی برار ایک مطلوب مجرم ہے اور اسے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت دہشت گرد قرار دیا گیا تھا۔
لارنس بشنوئی گینگ کا اہم رکن مانے جانے والے گولڈی برار اس وقت روشنی میں آئے تھے جب انہوں نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو پنجاب کے ضلع مانسا میں ان کے گاؤں کے قریب ان کی گاڑی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔




















