Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روغن زیتون کا ایک اور حیرت انگیز فائدہ سامنے آگیا

زیتون کے تیل کی افادیت سے کون واقف نہیں یہ آپ کی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار اداکرتا ہے، تاہم ایک نئی تحقیق کے مطابق یہ تیل ڈیمنشیا سے مرنے کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مدد کرسکتا ہے۔

ہارورڈ کی جانب سے امریکی بالغوں پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق زیتون کے تیل کا استعمال ڈیمنشیا سے مرنے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے، چاہے خوراک کا معیار کچھ بھی ہو۔ اس تحقیق کے نتائج جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہوئے ہیں۔

اس تحقیق کی مرکزی مصنف، این جولی ٹیسیئر، جو کہ ہارورڈ میں ایک رجسٹرڈ غذائی ماہر اور ریسرچ ایسوسی ایٹ ہیں کا کہنا ہے کہ زیتون کا تیل مونو ان سوچوریٹڈ چکنائی اور اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور ہوتا ہے، جو دماغ کی حفاظت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل زیتون کے تیل کے زائد استعمال امراض قلب اور اموات کے کم خطرے سے منسلک تھا، لیکن ڈیمنشیا سے ہونے والی اموات کے ساتھ اس کا تعلق معلوم نہیں تھا۔

ڈیمنشیا کی زیادہ تر اقسام میں یہ مرض سست رفتار سے آگے بڑھتا ہے یہی وجہ ہے کہ محققین ڈیمینشیا سے ہونے والی موت کا مطالعہ نہیں کرپاتےکیونکہ ان کیسز کے سامنے آنے میں کافی وقت لگتا ہے۔

تاہم اس نئی تحقیق میں وہ یہ جاننے میں کسی حد تک کامیاب رہے اس نئی تحقیق میں محققین نے نرسوں کے ہیلتھ اسٹڈی اور ہیلتھ پروفیشنلز فالو اپ اسٹڈی میں سے 92383 افراد کا  1990 سے 2018 تک کا ڈیٹا حاصل کیا، جنہیں ڈیمنشیا کا مرض لاحق تھا جبکہ ان کی اوسط عمر 56.4 برس جن میں 60582 خواتین شامل تھیں۔

محققین نے کھانے کی عادت کو جاننے کے ساتھ ہر چار سال بعد زیتون کے تیل کی مقدار کا جائزہ لیا۔

28 سالہ فالو اپ کے دوران، ڈیمنشیا سے ہونے والی اموات کی تعداد  4751 تھی۔ ایسے تمام افراد جن کے والدین میں کسی کو یہ مرض لاحق تھا ڈیمنشیا سے مرنے کے امکانات پانچ سے نو گنا زیادہ تھے۔

تاہم ایسے تمام افراد جو روزانہ کم از کم 7 گرام یا آدھا چمچ زیتون کا تیل غذا میں شامل رکھتے تھے ان میں ڈیمنشیا سے موت کا خطرہ ان لوگوں کے مقابلے میں 28 فیصد کم تھا جنہوں نے کبھی بھی اس تیل کا استعمال نہیں کیا۔ ٹیسیئر کے مطابق یہ ڈیمنشیا سے ہونے والی اموات میں خوراک، خاص طور پر زیتون کے تیل کی افادیت کی جانچ کرنے والا اپنی نوعیت کا پہلا مطالعہ ہے۔