ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کردی۔
ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈری کھلاڑی اور کپتان برائن لارا نے اپنے ملک کی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کو اچھا پرفارم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا ’’ویسٹ انڈیز کے پاس بہت سے اسٹار کھلاڑی موجود ہیں اور جب وہ ایک ٹیم کے طور پر کھیلتے ہیں تو وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں‘‘۔
برائن لارا نے ویسٹ انڈیز، بھارت، انگلینڈ اور افغانستان کو سیمی فائنلسٹ ٹیمیں قرار دیتے ہوئے کہا ’’ان ٹیموں میں وہ صلاحتیں موجود ہیں جس کے باعث وہ ٹاپ فور میں باآسانی جگہ بناسکتے ہیں‘‘۔
انہوں نے بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان فائنل مقابلہ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’دونوں ٹیموں میں سے جو بہترین ٹیم ہوگی وہ یقیناً میچ جیت جائے گی‘‘۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز یکم جون سے امریکہ اور اس کے پڑوسی ملک کینیڈا میں ہونے جارہا ہے جب کہ ورلڈ کپ میں ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں بھارت، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکہ کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ بی میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ اور عمان کی ٹیمیں موجود ہیں۔
گروپ سی میں نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگنڈا اور پاپوا نیوگنی کی ٹیموں کو رکھا گیا ہے جب کہ گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلا دیش، نیدرلینڈز اور نیپال شامل ہیں۔




















