دنیا ایک بڑی آبادی صبح کا آغاز ایک ایسے مشروب سے کرتی ہے جس میں کفین موجود ہوتی ہے تاکہ یہ مشروب انہیں جگائے اور دن بھر توانا رکھ سکے انہیں مشروبات میں کافی بھی شامل ہے تاہم کافی ایک طویل عرصے سے ایک متنازعہ مشروب رہا ہے۔
کافی کے بارے میں اب تک جتنی بھی تحقیق کی گئی ہے اس میں کبھی اسے مضر صحت اور کبھی مفید قرار دیا جاتا ہے، لیکن ایک تحقیق کے مطابق اس میں ایک ایسا جز سامنے آیا ہے جو بزرگ افراد کے پٹھوں کے افعال کو بہتر بناسکتا ہے۔
اس تحقیق کے مطابق کافی میں ‘ٹرائیگونیلائن’ نامی ایک مرکب پایا جاتا ہے جو عمر رسیدہ افراد کے پٹھوں کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ایک قدرتی جسمانی عمل سارکوپینیا کی رفتار کم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ سارکوپینیا ایک ایسی کیفیت ہے جس میں بڑھاپے کے ساتھ ساتھ پٹھے اور عضلات کمزور ہوتے جاتے ہیں۔ پھر بزرگ افراد سہارے کے بغیر نہیں چل سکتے۔
واضح رہے کہ سارکوپینیا میں خلوی توانائی کے مرکز مائٹوکونڈریا کم توانائی خارج کرتے ہیں تاہم کافی میں پایا جانے والا جز اسے روکتا ہے اور یوں عضلات اور پٹھوں کے کمزور ہونے کی رفتار کم ہوجاتی ہے۔ تاہم اس پر ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔




















