Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انٹر کے امتحانات کب سے شروع ہوں گے؟ نیا شیڈول جاری

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورزڈ محمد علی ملکانی کی ہدایت پر اعلان کردیا ہے کہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2024 اب 28 مئی کے بجائے یکم جون سے شروع ہوں گے۔

دوسری جانب اس حوالے سے چیئرمین انٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ میٹرک اور انٹر کے 21 امتحانی مراکز یکساں ہونے کی وجہ سے امتحانات کی تاریخ آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، انٹر کے امتحانات کیلئے 21 ہائر سیکنڈری اسکولز کو سینٹر بنایا گیا تھا اور یکساں امتحانی مراکز میں صبح میں انٹر، شام میں میٹرک امتحان ہونا تھے۔

انہوں نے کہا کہ شدید گرم موسم کی وجہ سے میٹرک امتحانات ملتوی کیے گئے، میٹرک کے ملتوی شدہ پرچے 28 مئی سے انہی مراکز میں لیے جائیں گے، جس کے باعث 21 سینٹرز میں بیک وقت دونوں بورڈز کے امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں۔

چیئرمین انٹر بورڈ کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ انٹربورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کی تاریخ آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کراچی سے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد طلباء شریک ہونگے، سائنس گروپ کا پرچہ صبح کی شفٹ میں لیا جائے گا۔ جنرل گروپ کے طلباء دوپہر کی شفٹ میں امتحان دیں گے۔

 سائنس گروپ کے امتحان کا وقت صبح 9 سے 12 بجے تک مقرر کیا گیا ہے، جبکہ جنرل گروپ کے طلباء کے امتحانی اوقات 2 سے 5 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔