اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹریٹ کو فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے محفوظ فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرلی اور دفتر فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سی ڈی اے نے 2022 اور 2023 میں سابقہ مالک کو نوٹس اور پھر شوکاز نوٹس جاری کیا، سی ڈی اے کوئی وضاحت پیش نہ کر سکا کہ نوٹسز پرانے مالک کو کیوں بھیجے جاتے رہے، سب سے اہم یہ ہے کہ نوٹس یا شوکاز نوٹس کی سروس کی کوئی رسید ریکارڈ پر نہیں۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کہا کہ سی ڈی اے کا بنایا گیا ایک رجسٹر نوٹسز پہنچنے کا کافی ثبوت نہیں ہے، سی ڈی اے نے پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے کا آرڈر سے پہلے کوئی نوٹس نہیں کیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق سی ڈی اے کا دفتر سیل کرنے کا آرڈر بھی پی ٹی آئی کو نہیں لکھا گیا نہ کاپی بھیجی گئی، عدالت تحریک انصاف کا سیکریٹریٹ فوری ڈی سیل کرنے کا حکم دیتی ہے اور یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ سی ڈی اے قانون کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 3 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کا مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے اور سی ڈی اے آپریشن کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
بعدازاں 27 مئی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ سیل کرنے اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے آپریشن کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض دور کرنے کی ہدایت جاری کردی تھی۔




















