جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے انسانی اسمگلنگ اور دھوکا دہی کیس میں گرفتار سماجی کارکن صارم برنی کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
سٹی کورٹ کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں صارم برنی کے خلاف بچوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے اور اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ملزم صارم برنی کی درخواست ضمانت پر وکلاء اور ایف آئی اے کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف مزید ثبوت جمع کرنے ہیں، ملزم کو ضمانت دی گئی تو وہ تفتیش پر اثر انداز ہو سکتا ہے، ملزم مسلسل جھوٹ کا سہارا لے رہا ہے، تفتیش کے دوران مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ حیا نامی بچی کی والدہ افشین کا بیان ہے کہ بیٹی لینے کے لیے صارم برنی سے رابطہ کیا، اس نے مجھے بچی دینے سے انکار کردیا، ضمانت دی گئی تو ملزم تفتیش پر اثر انداز ہوگا۔
بعدازاں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور دھوکا دہی کیس میں گرفتار سماجی کارکن صارم برنی کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔
واضح رہے کہ 5 جون کو سماجی کارکن صارم برنی کو امریکی حکومت کی شکایت پر انسانی اسمگلنگ کے الزام میں کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔




















