Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی جلسے کا این او سی معطل کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی جلسے کی اجازت منسوخ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔

جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی جلسہ کی اجازت منسوخ کرنے اور تحریک تحفظ آئین اور عامر مغل کے بیٹے کی ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ڈپٹی کمشنر دفتر سے عامر مغل کو گرفتار کر لیا، عامر مغل کو اٹھانے کے پورے ایک دن تک کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا، جس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ مقدمہ ہے تو متعلقہ فورم پر جائیں، یہ توہینِ عدالت تو نہیں بنتی۔

جلسے کا این او سی معطل کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت میں وکیل شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری آرڈر پڑھا۔

پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین نے کہا ک ضلعی انتظامیہ نے 4 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں نوٹیفکیشن پیش کیا، ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی پچھلی رات ڈیڑھ بجے مجھے جلسہ معطلی کا نوٹیفکیشن بھیجا۔

وکیل نے دلائل دیے کہ آج محرم کی یکم ہے اور ہمارا جلسہ دو دن پہلے تھا، چیف کمشنر کے نوٹیفکیشن میں لکھا گیا کہ انہوں نے ہمیں بھی بلایا، ضلعی انتظامیہ نے ہمیں بالکل بھی اجلاس میں شرکت کیلئے نہیں بلایا۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ دِلوں کے حال تو اللہ جانتا ہے ہم نے تو قانون کے مطابق فیصلے کرنے ہیں، ڈپٹی کمشنر نے ایک آرڈر کیا چیف کمشنر نے اسے ختم کر دیا، اب آپ چیف کمشنر کے آرڈر کے خلاف درخواست دائر کریں۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ ہم پھر آج ہی رٹ پٹیشن دائر کریں گے، یہ لوگ بدنیتی کر رہے ہیں اور ہمیں بھی کچھ نہیں کرنے دے رہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی جلسے کا این او سی معطل کرنے پر توہینِ عدالت کی درخواست نمٹا دی۔

متعلقہ خبریں