Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارتی جوڑے نے “اسرائیلی ٹائم مشین” کا جھانسہ دے کر لوگوں سے 4 ملین ڈالر ہتھیالیے

ہر انسان کی یہی خواہش ہے کہ وہ سدا جواں رہے اور عمر رسیدگی کے اثرات کو پھر سے جوانی میں بدل دے، تاہم یہی آرزو  کئی بھارتیوں  کے پیسے ہتھیانے کے وجہ بھی بن گئی۔

ایک بھارتی جوڑے نے “اسرائیلی ٹائم مشین” سے بڑھاپے کو الٹنے کا جھانسہ دے کر لوگوں سے 4 ملین ڈالر ہتھیالیے۔

بھارتی جوڑے راجیوت کمار دوبے اور اس کی بیوی راشمی دوبے ایک فراڈ کیس کی وجہ سے کانپور پولیس کو مطلوب ہیں، کیونکہ انہوں نے لوگوں کو یہ وعدہ کرکے دھوکہ دیا کہ وہ ایک اسرائیلی ٹائم مشین کی مدد سے دوبارہ جوان نظر آ سکتے ہیں اور یہ مشین 60 برس کے شخص کو 25 برس کا بنا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ یہ جوڑا بھارت کے اتر پردیش کے شہر کانپور میں ایک تھراپی سینٹر چلاتا تھا، جہاں انہوں نے لوگوں کو یہ یقین دلایا کہ وہ آلودہ ہوا کی وجہ سے تیزی سے بوڑھے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس عمل کو “اسرائیلی ٹائم مشین” اور آکسیجن تھراپی کے ذریعے پلٹ سکتے ہیں۔ دوبے جوڑے پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے کئی بزرگ لوگوں کو دھوکہ دیا جو اپنی جوانی کو واپس پانے کے لیے تلاش کر رہے تھے، اور 35 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 4.1 ملین ڈالر) ہتھیا لیے۔

ایک سینئر پولیس افسر، انجلی وشوکارما کے مطابق اس جوڑے نے 6,000 روپے (72 ڈالر) میں 10 سیشنز کا پیکج اور 90,000 روپے کے تین سالہ انعامی نظام کی پیشکش کی۔ دوبے جوڑے نے اپنے دھوکے کو ایک ہیر پھیر اسکیم میں بدل دیا، جس میں انہوں نے ہر نئے کلائنٹ کے لیے مفت آکسیجن تھراپی سیشن کا وعدہ کیا۔

ایک متاثرہ خاتون، رینو سنگھ نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ اس سے 10.75 لاکھ روپے (21,000 ڈالر) ہتھیائے گئے ہیں، اور اس نے مزید یہ بھی بتایا کہ اب تک سیکڑوں لوگ تقریباً 35 کروڑ روپوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پولیس کو  ثبوت ملے ہیں کہ دو درجن سے زیادہ لوگ دوبے جوڑے کے ہاتھوں دھوکہ کھا چکے ہیں، لیکن تفتیش ابھی جاری ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ راجیوت اور راشمی دوبے نے لوگوں کو کیسے قائل کیا کہ وہ بڑھاپے کے اثرات کو الٹ سکتے ہیں، لیکن جو متاثرہ افراد سامنے آئے ہیں، انہوں نے کہا کہ انہوں نے چند مہینوں میں واضح نتائج کا وعدہ کیا تھا، خاص طور پر غیر ملکی “معجزاتی ٹائم مشین” کی بدولت۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ بڑھاپے کو 20 سال تک پلٹ سکتے ہیں اور اندرونی اعضا کی مرمت بھی کر سکتے ہیں۔

بھارتی پولیس نے دوبے جوڑے کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور انہیں تلاش کر رہی ہے۔ ہوائی اڈوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ انہیں کسی بھی پرواز پر سوار ہونے سے روکیں، لیکن یہ مانا جا رہا ہے کہ وہ پہلے ہی اپنے متاثرین کے پیسوں کے ساتھ بیرون ملک فرار ہو چکے ہیں۔