اسلام آباد: ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر کوئی پابندی نہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی ملاقات پر کوئی پابندی نہیں، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آپ اسکو دیکھ لیں آئندہ کوئی درخواست ایسے یہاں نہ آئے۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے بتایا کہ انہوں نے کوآرڈینیٹر مقرر کیے ہیں، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ وہ کوآرڈینیٹر انتظار حسین پنجوتھہ تو اغوا ہو چکے ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ نہیں ان کے علاوہ بھی ہیں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ بھی ہیں۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے عدالت کو بتایا کہ کوآرڈینیٹر پہلے طے کر لیتے فہرست آجاتی ہے اور ہم ملاقات کروا دیتے ہیں، جیل ملاقات بھی اب ہو رہی ہے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے سوال کیا کہ ملاقات پر پابندی کیوں لگاتے ہیں؟ جس پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ہوم ڈیپارٹمنٹ پابندی عائد کرتا ہے۔
بعدازاں عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر پابندی نہ ہونے پر درخواست نمٹا دی۔




















